• news

بھارت کے پاس افغا نستان سے بھاگنے کے سوا کوئی چارہ نہیں: شیخ رشید

اسلام آباد  (اپنے سٹاف رپورٹر سے)  وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی کو آزاد کشمیر میں اپنی شکست دکھائی دے رہی ہے، مریم نواز کا لب و لہجہ انتہائی غیر ذ مہ  دارانہ ہے، بلاول کی سی وی میرے پاس ہے، پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے، آزاد کشمیر الیکشن میں کسی ڈبے سے ووٹ زیادہ نہیں نکلنے، صرف بلے کے ووٹ زیادہ نکلیں گے۔ ایران اور پاکستان ایک بدلے ہوئے خطے میں ہیں، آج بھارت کے پاس افغانستان سے بھاگنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ، پاکستان میں صرف پی ٹی آئی اورپاک فوج قومی ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ اب جلد ہی آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں۔ قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطے میں تجارت ممکن نہیں، اگر چین ایران میں400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات ہورہی ہے، یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن نہ ہو،خطے کی سیاست بدلنے جارہی ہے، افغان جوبھی فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا، افغانستان میں نئے طالبان جنم لے چکے ہیں یہ وہ طالبان وہ نہیں جو بندوق سے فیصلہ کرتے تھے۔ مریم اور بلاول بھٹو زرداری بے ہودہ زبان کا استعمال کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیاکہ امریکہ کو اڈے نہ دینے کا عمران خان کا فیصلہ اٹل ہے، پاکستان افغانستان کے خلاف کسی کارروائی کیلئے کوئی بیس نہیں دیگا، پاکستان پر کوئی دبائو نہیں نہ ہی پاکستان کو دنیا کی کوئی پاور نظر انداز کر سکتی،طالبان سے مذاکرات کرنا پاکستان ہی نہیں، خطے بھر کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کشمیر کی الیکشن مہم کیلئے ایل اے 43 ویلی 4 میں پی ٹی آئی امیدوار جاوید بٹ کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں پاکستان کے لیے دہشت گردی کو فروغ دیا۔ اپوزیشن صرف ٹی وی پر مقبوضہ کشمیر کا کیس لڑ رہے ہیں، عمران خان مقبوضہ کشمیر کا کیس دنیا میں لڑ رہے ہیں، ہندوستان نے 40 سال پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو منظم کیا، پاکستان کے خلاف دنیا کے میڈیا کو غلط اطلاعات فراہم کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن