• news

پاکستان  امن، بھارت دہشت گردوں کیساتھ، سفارتی محاذ پر تنہا ہو گیا: گورنر

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور بھارت دہشت گردوں کیساتھ ہے۔ 'افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے مکمل نیک نیتی کیساتھ اپنا کردار ادا کیا ہے مگر بھارت افغانستان میں امن نہیں انتشار چاہتا ہے۔ 'پاکستان کی خارجہ پالیسی قومی امنگوں کی ترجمان ہے۔ 'دورہ امر یکہ کے دوران افعانستان کشمیر اور فلسطین کے حقائق اور امن کے لیے پاکستان کے کردار بارے امریکی عہدیداروں کو بتایا ہے۔ جس سے انہیں پاکستانی موقف سمجھنے میں مدد ملی۔ امید ہے کہ کوشش پاکستان کیلیے سود مند ثابت ہوگی۔ وہاں سب امن کے لیے پاکستانی کردار کو سراہتے ہیں۔ 'پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دسمبر تک 7.5ملین افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر دیا جائے گا۔ 'پنجاب میں بطور چانسلر میں نے 18وائس چانسلر مکمل طور پرمیرٹ پر لگائے ہیں۔ یونیورسٹیز میں میرٹ سے ہٹ کر کسی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اتوار کے روز گورنر ہائوس میں کالم نگاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کسی گروپ کی حمایت یا مخالفت نہیں کر رہا کیونکہ افغانستان کے بارے میں فیصلہ اب افغان عوام نے ہی کر نا ہے۔ امر یکہ میں پاکستانی اور بھارت سے تعلق رکھنے والی سکھ کیمونٹی ایک پیج پر ہیں اور سکھ کیمونٹی کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور میں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہوکر امر یکہ میں بھر پور سیاست کر یں جس کے مستقبل میں بہت بہتر نتائج برآمد ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر نے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے اور سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں امن کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے پیچھے بھی بھارت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ آج افغانستان کے معاملے پر بھی بھارت دہشت گردی اور انتشار پھیلانیوالوں کا ساتھ دے رہاہے اور یہ بات بھی حقیقت ہے کہ سفارتی محاذ پر پاکستان نہیں بلکہ آج بھارت تنہا ہو چکا ہے اور پاکستان سفارتی محاذ پر کامیابیوں کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن