آئینی مدت پوری کریں گے، اگلا دور بھی پی ٹی آئی کا ہوگا: پرویز خٹک
نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستان نے بڑی قیمت چکائی ہے۔ آج عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اس کی تمام تر ذمہ داریاں باریاں لینے والے حکمرانوں پر ہیں۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کا کھیل ختم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کا مشن جاری ہے۔ پاکستان مزید کرپشن، لوٹ کھسوٹ برداشت نہیں کر سکتا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پہلے سے زیادہ مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے۔ مخالفین عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں، موجود ہ حکومت آئینی مدت پوری کریگی۔ آنے والا دور بھی تحریک انصاف کا ہوگا۔