تسلط قبول نہیں‘ پڑوسیوں سے تعلقات مضبوط بنانا ترجیح: ایرانی سفیر
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ایرانی نظام کی پالیسی کی ترجیح ہے اور نئی ایرانی حکومت بھی اس پالیسی کو جاری رکھے گی۔ ممالک کے ساتھ ہماری خارجہ پالیسی حکومتوں کے آنے اور جانے سے نہیں بدلے گی، ایران کے آئین میں نہ مغربی ممالک اہم ہیں نہ مشرقی ممالک، کیونکہ ایران کسی تسلط کو قبول نہیں کرتا ہے۔اتوار کو اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور پاکستان کے میڈیا گروپ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے ناجائز صہیونی حکومت اور امریکہ کے بغیر دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ خارجہ تعلقات کے فروغ میں دریغ نہیں کیا اور کسی بھی ملک کو اپنے تعلقات کے دائرے سے خارج نہیں کیا ہے۔ ملک میں کسی بھی حکومت کی اہم ترجیح دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی نئی حکومت بھی اسی پالیسی پر عمل کرے گی۔