• news

عوام کی مایوسی بڑھ گئی، تحریک منظم کریں گے: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی تین سالہ کارکردگی نے عوام کے صدمے اور شرمندگی کے احساس کو مزید گہرا کردیا ہے۔ اسلام کا نظام ہی انسانیت کی فلاح اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ ملک میں اسلام کے نفاذ کے لئے عوام کی تائید کے ذریعے حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ ایک فلاحی ریاست کا حقیقی خواب پورا کیا جاسکے۔ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ نئے وفاقی بجٹ کے اثرات عوام کے لئے کرونا کی چوتھی لہر سے زیادہ خطرناک ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی، آٹا، چینی، گھی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جاچکا ہے۔ وزیراعظم نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بجائے بالکل اس کے برعکس مسلسل اقدامات کیے ہیں جس سے نوجوانوں میں بڑے پیمانے پر مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے اور آنے والے دنوں میںاس کو مزید منظم کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر عوامی جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی سرکاری ادارے میں رتی بھر بہتری نہیں لاسکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ وقت دور نہیں جب عوام بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر حکومت کا احتساب کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن