• news

عمران خان کی کارکردگی جھوٹ، بدزبانی پر مبنی ہے،مریم اورنگزیب

 اسلام آباد(خبرنگار خصوصی )مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی توجہ 3 سال میڈیا، سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر نہ دی ہوتی تو آج نواز شریف کی تختیاں اکھاڑنے کی ضرورت نہ پڑتی، عمران خان کی کل کارکردگی جھوٹ، بدزبانی، بد کلامی اور بد اخلاقی ہے۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کارکردگی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبے پہ نئی تختیاں لگانا اور پرانی اکھاڑنا ہے، عمران خان کی کارکردگی نواز شریف کڈنی ہسپتال کا نام بدلنا ہے، سوات میں گردوں کے علاج کا ہسپتال سرکاری وسائل سے تعمیر نہیں ہوا تھا ،اس ہسپتال کی تعمیر نجی عطیات کے ذریعے ہوئی تھی،بدترین سیلاب کے بعد 2010میں یہ ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، یہ ایک ٹرسٹ ہسپتال ہے، ہسپتال کی تعمیر میں کوششوں پر نوازشریف کے نام پر اس ہسپتال کا نام رکھا گیا، افسوس چھوٹی گھٹیا ذہنیت عوام کی خدمت میں ناکامی پر کم ظرف حرکتیں کرتی ہے ؟عمران صاحب شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح بھی نوازشریف نے کیا تھا، کیا اس کا نام بھی بدلو گے؟گر ا کر پھر بنائوگے؟ عمران صاحب منصوبوں پر تختیاں اہم نہیں ہوتیں بلکہ خدمت کا جذبہ انسان کے عمل اور نیت میں جھلکتا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف نے دن رات پاکستان کے عوام کی خدمت کی ہے، بائیس کروڑ عوام کے دل میں نوازشریف اور شہبازشریف کی خدمت کی تختیاں لگی ہوئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن