آزاد کشمیر انتخابات ‘حکومتی دھاندلی بری طرح ناکام ہوگی:سید محفوظ مشہدی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم )کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حکومت کی دھاندلی بری طرح ناکام ہوگی۔ جے یو پی مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھر پور حمایت کا اعلان کر چکی ہے۔ عوام 25 جولائی کو حکومت سے مہنگائی، بیروزگاری کا بدلہ لیں گے اورپی ٹی آئی کو مسترد کردیں گے۔ نواز شریف ،شہباز شریف نے کشمیری عوام کی خدمت کی ہے اور کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اٹھایا ہے۔کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی مسلم لیگ (ن) ہی کی ہوگی ، جس کی جمعیت علمائے پاکستان نے بھرپور حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے مرکزی دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیر اقبال شاہ،پیر واجد علی گیلانی ، ذوالفقار احمد ججہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔