بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بناسکتی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جامعہ عروۃالوثقٰی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی اور اتفاق کیا کہ بعض عناصر غیرذمہ دارانہ رویہ سے انتہا پسندی کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔ پاکستان کی غالب اکثریت اتحاد، وحدت اور یکجہتی پر ایمان و یقین رکھتی ہے۔ یکم اگست کو اتحادِ اْمت قومی مشاورت کا اجلاس بلاکر لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کی سپریم کونسل کا اجلاس 5 اگست کو مجلس وحدت مسلمین کی میزبانی میں ہوگا، تمام ممبر جماعتوں کے سربراہ اِس اہم اجلاس میں شریک ہونگے۔لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ میں بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے۔ بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بناسکتی ہے۔ بلوچستان میں ہر دور کے حکمرانوں نے بیانات، تقریروں، وعدوں کی بھرمار کردی لیکن عملدرآمد نہیں کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے اعلانات بھی باقی سب اعلانات اور وعدوں کی طرح ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں ناراض اور پریشان لوگوں کی ناراضگی کے ازالہ کے لیے لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، سی پیک کے ثمرات سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے اور بات چیت کے لیے قومی جرگہ تشکیل دیا جائے۔ بلوچستان اور خیبرپی کے کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل پر بیک وقت توجہ دی جائے۔لیاقت بلوچ نے معززین کی عصرانہ تقریب میں کہا کہ افغانستان میں طالبان افغان عوام و امریکہ کے مقابلہ میں سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی، عسکری طاقت کے اعتبار سے کسی مقابلہ میں نہیں تھے۔