وفاقی کابینہ میں عید پر 3 چھٹیوں کی منظوری‘ این سی او سی کی ہدایت پر 5 تعطیلات کی سمری تیار
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ نے این سی او سی کی ہدایت پر عید الاضحیٰ پر عام تعطیلات بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے 5 چھٹیوں کی سمری تیار کر لی ہے۔ این سی او سی نے بڑی عید کی چھٹیاں 20 سے 24 جولائی تک دینے کی تجویز دی ہے۔ وزارت داخلہ سمری تیار کرکے منظوری کیلئے کابینہ کو بھیجے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عیدالاضحیٰ پر 3 چھٹیوں کی منظوری دی گئی تھی۔ وزارت داخلہ کی سمری میں کہا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 20 جولائی سے 24 جولائی تک کی جائیں۔ سمری کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی چھٹی شامل ہونے سے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 5 یوم کی ہو جائیں گی۔