• news

فروغ سیاحت کیلئے خوشاب میں تاریخی قلعہ تلاجہ کی بحالی کا فیصلہ 

لاہور(وقائع نگار+سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے فروغ سیاحت کے لئے خوشاب میں واقع تاریخی قلعہ تلاجہ کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے جس پر مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود کی زیرصدارت اجلاس میں منصوبے میں پیشرفت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔مشیر سیاحت آصف محمود نے ہدایت کی کہ قلعہ تلاجہ میں سیاحوں کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے بالخصوص واش رومز اور فوڈ پوائنٹس بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سالٹ رینج کا دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے جیپوں کا ٹریک بنایا جائے گا تاکہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ متوجہ کیا جاسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بحالی کے بعد قلعہ تلاجہ میں طلبا کے مطالعاتی دوروں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کا اپنے ماضی سے جوڑا جا سکے۔ انہوں نے قلعہ تلاجہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سالٹ رینج میں جا بجا ایسے موتی بکھرے پڑے ہیں جنہیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی نگرانی میں دوبارہ بحال کرنے کا جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن