موٹروے کو محفوظ بنانے کی ضرورت
مکرمی! گزشتہ روز براہ راست موٹر وے اسلام آباد راولپنڈی جانے کا اتفاق ہوا۔ جس کی حالت اب لاہور جیسی ہوتی جا رہی ہے۔ تاہم یہ موٹروے ایک بڑی سفری سہولت ہے۔ اس مرتبہ دیکھا کہ اس کے اردگرد لگی تاروں کی باڑ جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہے۔ جس سے موٹروے پر وارداتوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سامنے آ گئی۔ اسی طرح اس باڑ کے ساتھ کئی لوگوں نے گھر بھی بنا لیے ہیں جو باسانی یہ پھلانگ کر موٹروے کی حدود میں داخل ہو سکتے ہیں۔ یہاں سے جرائم پیشہ افراد واردات کر کے باسانی غائب بھی ہو سکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں موٹروے پٹرولینگ پولیس کو نہایت سخت ایکشن لینا چاہئے تاکہ موٹروے پر سفر محفوظ اور آرام دہ رہے۔ اسی طرح پٹرولنگ کا نظام بھی پہلے کی طرح موثر ہونا چاہئے۔ اس سے سفر کرنے والوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ (تہمیربنی بٹ لاہور)