پاکستانی خواتین اور قومی تعمیروترقی
مکرمی! قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کے بعد زیادہ عرصہ تک زندہ رہتے تو یقینا خواتین کے قومی زندگی میں باوقار مقام کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لے آتے مگر زندگی نے ان سے وفا نہ کی۔ ان کے وصال کے بعد سے آج تک پاکستانی خواتین کو اپنے بنیادی انسانی حقوق کے حصول کیلئے طویل جدوجہد کرنا پڑی ہے۔ صدر جنرل محمد ایوب خان کے دور میں عائلی قوانین کی منظوری سے لیکر صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے دور میں امتیازی قوانین کے خلاف ویمن ایکشن فورم کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی جدوجہد حقوق نسواں تحریک کے اہم ابواب ہیں۔ خواتین ہماری آبادی کا نصف ہیں اور انہیں قومی معاملات سے باہر رکھ کر ترقی و استحکام کے اہداف کا حصول ناممکن ہے۔ (فرحین بٹ۔ لاہور)