مون سون اور ہمارے مسائل
مکرمی! ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ پچھلے دو دن سے لاہور شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری ہے۔ اس ساری صورتحال میں بارش کے پانی کی نکاسی اور بجلی کی فراہمی کا نظام خراب رہتا ہے۔ لاہور شہر کی بڑی شاہرائوں پر بارش کا پانی جمع رہتا ہے۔ بہت سے گنجان آباد علاقوں میں بجلی کی تاریں لٹک رہی ہیں۔ جب بارش ہوتی ہے تو یہ تاریں جانی و مالی نقصان کا سبب بنتی ہیں۔ اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ مون سون میں مالی و جانی نقصانات سے بچنے کے لیے بجلی کی لٹکتی تاروں کے نظام کو درست کیا جائے اور واسا کو ہدایات کی جائیں کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کی جائے تاکہ عوام مشکلات سے بچ سکیں۔ (ماہانوشین ، اسلامیہ کالج کوپر روڈ لاہور)