• news

پسنی : دہشت گرد حملہ، کیپٹن، سپاہی شہید ، آپر یشن میں کرم سے اغوا5مزدور بازیاب

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے  بلوچستان پسنی میں واقع خدا بخش بازار میں فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ اس دوران بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا ہے۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والے عناصر کو ملک دشمن ایجنسیوں کی مدد حاصل ہے۔ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں سخت محنت سے حاصل کئے گئے امن وخوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔ سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر اس طرح کی گھنائونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ  کے تبادلہ کے بعد کرم سے اغوا کئے گئے باقی ماندہ 5 مزدوروں کو بھی بازیاب کرا لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 جون کو قبائلی ضلع کرم میں موبائل ٹاور پر کام کرتے ہوئے 16 مزدوروں کو دہشتگردوں نے اغوا کر لیا تھا جن میں سے 10 کو اگلے روز چھوڑ دیا گیا جبکہ ایک کی نعش برآمد ہوئی تھی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت موسم میں آپریشن کیا اور تعاقب جاری رکھا۔ اس دوران 13 جولائی کو 3 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا جبکہ گزشتہ روز فائرنگ کے تبادلہ کے بعد باقی 5 مزدوروں کو بھی دہشتگردوں سے چھڑا لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن تمام دہشت گردوں کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔ لا ہور  سے خصوصی رپورٹر کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف  میاں  شہباز شریف نے دہشت گردی کے بڑھتے واقعات  کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے  بلوچستان، پسنی کے قریب، خدا بخش بازار میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے  حملہ میں  کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان کی شہادت پر بے حد دکھ کا اظہار کیا اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
لاہور (فاخر ملک) پسنی میں ملک کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے کیپٹن عفان مسعود شہید کی نماز جنازہ گزشتہ رات ایوب سٹیڈیم لاہور میں ادا کرنے کے بعد سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کردی گئی۔ عفان مسعود شہید پنجاب یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار راس مسعود خان کے صاحبزادے ہیں جبکہ ان کی والدہ پنجاب یونیورسٹی میں ایک شعبے کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ رہ چکی ہیں۔ کیپٹن عفان مسعود شہید تین بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ ان کے ایک بڑے بھائی میجر فرزان بھی پاک فوج سے وابستہ اور کوہاٹ میں تعینات ہیں جبکہ تیسرے بھائی سالک مسعود ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں مارکیٹنگ کے شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ رات کیپٹن عفان مسعود شہید کا جسد خاکی جب ان کے گھر پہنچا تو قومی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔ اس موقع پر ان کے والد راس مسعود نے بتایا کہ میرا بیٹا عفان شہید پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کر رہا تھا اور تیسرے سمسٹر میں زیرتعلیم تھا۔ اسے دیوانگی کی حد تک پاک فوج سے عشق اور جذبہ شہادت سے سرشار تھا۔ اسی وجہ سے وہ اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر پاک فوج میں چلا گیا۔ کیپٹن عفان مسعود شہید کی اہلیہ نے بتایا کہ عفان اپنے بیٹے کی پیدائش پر بہت خوش تھے۔ وہ بیٹے کا (ب) فارم خود بنوا کر گئے اور اس موقع پر عفان شہید کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا کوئی پتا نہیں۔ اس لئے میں اپنے بیٹے کا (ب) فارم بنوا رہا ہوں۔ عفان شہید کے دو ماہ کے ننھے بیٹے کا نام عارفین مسعود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن