افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار اہم ، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں : امریکہ
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن عمل کیلئے حکومت پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان ہی طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا،افغانستان میں امن و استحکام امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفاد میں ہے،ہماری اجتماعی کوششوں سے وہاں امن و سلامتی کی کچھ جھلک دکھائی دے گی۔ نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امن عمل کو آگے بڑھانے پر پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اس کے علاوہ مستحکم جنوبی ایشیا کیلئے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے مفادات مشترکہ ہیں، دونوں ممالک میں انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ مفادات ہیں، پاکستان اورامریکہ محفوظ، پرامن ومستحکم افغانستان چاہتے ہیں۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی سال سے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر کام کررہے ہیں، افغانستان کا مسئلہ امریکہ اکیلے حل نہیں کرسکتا، افغان مسئلے پر عالمی کمیونٹی کو ساتھ ملانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا بوجھ عالمی برادری کو اٹھانا ہوگا، زلمے خلیل زاد امن عمل کے حوالے سے خطے میں موجود ہیں، افغانستان میں بزور طاقت آنے والی حکومت کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی، انسانی حقوق کی پروا نہ کرنے والی حکومت کو عالمی حمایت حاصل نہیں ہوگی۔