صوبہ لغمان میں مارٹر گولہ مکان پر گرنے سے 5 شہری جاں بحق‘ 12 زخمی
واشنگٹن (شنہوا+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے صوبہ لغمان میں مارٹر گولہ مکان پر گرنے سے 5 شہری جاں بحق 12 زخمی ہوگئے۔ افغانستان سے امریکی فوج کے حتمی انخلاء سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکہ کے مددگار افغان شہریوں کو ملک سے نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ایک ترجمان کے مطابق رواں ماہ یعنی جولائی کے اواخر سے امریکہ آپریشن ’آلائز رفیوجیز‘ یا اتحادی پناہ گزین آپریشن شروع کر دے گا۔ اس پروگرام کے تحت مستحق افغان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی دوبارہ آباد کاری کے لیے مدد کی جائے گی۔ ایک اندازے کے مطابق قریباً 18 ہزار افغان باشندوں کو دوبارہ سے آباد کیا جانا ہے۔ ان کے اہل خانہ کو ملا کر اس انخلاء کی تعداد ایک لاکھ تک جا سکتی ہے۔ ان باشندوں کو افغانستان سے نکال کر پہلے بیرون ملک امریکی اڈوں تک پہنچایا جائے گا۔