• news

بلوچستان میں سیلاب، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 جاں بحق، پاک ایران ریل سروس معطل

لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 49 ملی میٹر، گوادر 35، دالبندین 32، پسنی 24، تربت 22، قلات اور جیوانی 15، پنجگور اور سبی 04، اورماڑا 02 جب کہ خضدار میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے جہاں خشک سالی کا خاتمہ کیا وہیں متعدد مقامات پر پیش آنے والے واقعات اور سیلابی ریلوں کی زد میں آنے سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ چاغی میں طوفانی بارش سے پیش آنے والے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ ایف سی ونگ کمانڈنٹ ماوند فیاض چانڈیو کی گاڑی کوہلو سے ماوند جاتے ہوئے منجھرہ نالے کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ دالبندین میں طوفانی بارش کے بعد بجلی کے متعدد کھمبے زمین بوس ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ علاقے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کیسکو کا کہنا ہے کہ کھمبوں کی تنصیب اور بجلی کی بحالی میں وقت لگے گا۔ دوسری جانب چاغی کے قریب مختلف مقامات سے ریلوے ٹریک بھی بہہ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے پاک ایران ریل سروس معطل ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے ٹریک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ مجموعی طور پر پاک ایران ریلوے ٹریک 21 مقامات سے متاثر ہوا ہے۔ پاک ایران ریلوے ٹریک کی نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ دوسری طرف دالبندین اور یک مچ کے درمیان ریلوے ٹریک پر شگاف پڑنے سے پٹری کئی جگہ سے اکھڑ گئی جبکہ دالبندین ائیرپورٹ پر طوفانی ہواؤں سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ائیرٹریفک کنٹرول ٹاور اور اے ایس ایف کے رہائشی کمروں میں بھی  پانی داخل ہوگیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پہاڑوں پر ہونے والی بارشوں کے پانی نے سیلابی ریلوں کی شکل اختیارکرلی۔اسلام آ باد سے آئی این پی کے مطابق فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 19 سے 20 جولائی کے درمیان شدید ترین بارشیں متوقع ہیں۔ دریائے سندھ، کابل اور جہلم کے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں20-21  جولائی کے درمیان طغیانی ہو سکتی ہے۔ تمام اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن