گورنر سے انڈونیشین سفیر کی ملاقات‘ امن کیلئے مسئلہ کشمیر‘ فلسطین کے حل پر اتفاق
اہور (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں انڈونیشین سفیر آدم ملاورمان توگیو نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، خطے کی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران انڈونیشین سفیر نے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان امن عمل کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین گہرے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں جو ہرگزرتے دن کیساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور پنجاب سمیت پورے پاکستان میں سر مایہ کاروں کو مکمل سیکورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا سے پام آئل درآمد کرنے والے سرفہرست 5 ممالک میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انڈونیشین سفیر آدم ملاورمان توگیو نے کہا انڈونیشین سر مایہ کار پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور آئند بھی مسئلہ کشمیرسمیت ہر ایشو پر پاکستان کیساتھ کھڑے ہوں گے۔ دونوں نے امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فسلطین کے حل پر اتفاق کیا۔