وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کا کنٹرولر بورڈ مالاکنڈکے بیٹے کے نقل کرنے کا نوٹس
پشاور(آئی این پی ) وزیر اعلی خیبر محمود خان نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں کنٹرولر مالاکنڈ بورڈ کے بیٹے کے نقل کرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلی نے امیدوار کو نقل کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ عملے میں ایگزامینشن سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ ہمایوں خان اور نگران رحمت علی شامل ہیں۔ ہمایوں خان گورنمنٹ مڈل اسکول بارون لوئر دیر میں ایس ایس ٹی جبکہ رحمت علی گورنمنٹ ہائی اسکول کوٹلئی سوات میں ہیڈ ماسٹر تعینات ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں امتحانی ڈیوٹی پر مامور عملے کی طرف سے امیدوار کو نقل کروانے میں سہولت فراہم کرنے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ شوکاز نوٹس میں مذکورہ عملے کو اپنے فرائض سے غفلت اور سروس ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے اور دونوں کو پندرہ دنوں کے اندر تسلی بخش جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔