• news

مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں تمام سیاسی جماعتوں کی دوڑ لگوادی مریم نواز

اسلام گڑھ / ڈڈیال (این این آئی) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی آزاد کشمیر آمد پر عوام انہیں کشمیر فروش کا تاج پہنائیں، نواز شریف کی آوازیں پورے کشمیر میں گونج رہی ہیں، مخالفین بھی مان رہے ہیں (ن) لیگ نے تمام جماعتوں کی دوڑیں لگوا دیں، یاد رکھو ووٹ چوروں اگر تم نے شیر کا جیتا ہوا الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمہیں چھوڑیں گے نہیں، عمران خان نے باغ میں ایک اے ٹی ایم ڈھونڈ لیا ہے، جیسے شہد پر مکھیاں جاتی ہیں ویسے ہی جس کی جیب میں پیسا ہو عمران خان جاتے ہیں، نوازشریف کے دور میں چینی سرمایہ کاری کیلئے آتے تھے اب یہاں تحقیقات کیلئے آرہے ہیں، شرم کا مقام ہے۔ جلسے سے خطاب میں انہوںنے کہا کہ نواز شریف یہ الیکشن جیت چکا ہے، یہ 2018 نہیں ہے جس میں تم آر ٹی ایس کا بٹن دبا کر الیکشن چوری کرلیا تھا اور مسلم لیگ (ن) نے چپ کرکے یہ فیصلہ مان لیا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ اب یہ وہ مسلم لیگ (ن) بھی نہیں، اس بار ووٹ چوروں کا واسطہ آزاد کشمیر کے شیروں سے ہے۔ جہاں تحریک انصاف کا استقبال جوتوں، انڈوں اور ٹماٹروں سے ہوتا ہے ایسے ماحول میں عمران خان کشمیر تشریف لارہے ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ عمران خان کا استقبال انڈوں ٹماٹروں سے نہیں کرنا بلکہ ایک پھولوں کا ہار پہنانا جس پر لکھا ہو ویلکم ٹو آزاد کشمیر آٹا چوری میں نمبر ون، دوسرا ہار پہنانا جس پر لکھا ہو چینی چوری میں نمبر ون، تیسرے پر گیس، بجلی چوری میں نمبر ون، پانچویں پر لکھا ہو مہنگائی میں نمبر ون۔ مریم نواز نے کہاکہ اس کے بعد انہیں عزت سے ایک میڈل پہنانا جس میں لکھا ہو ووٹ چوری میں نمبر ون، پھر عزت سے انہیں تاج پہنانا جس پر لکھا ہو کشمیر فروش۔ کشمیر میں سنا تھا کہ بھارتی ظالم فوج وہاں کے نہتے عوام پر گولیاں چلاتے ہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ عوام نے دیکھا کہ امور کشمیر کے وزیر نے نہتے کشمیریوں پر سامنے کھڑے ہوکر گولیاں چلائیں۔ الیکشن کمشن نے اس پر اپنا فیصلہ سنا دیا کہ وہ اب کشمیر میں داخل نہیں ہوسکتا، یہ کس قسم کے گھٹیا لوگ ہیں کہ الیکشن کمشن کو فیصلہ دینا پڑا کہ امور کشمیر کا وزیر ہی کشمیر میں داخل نہیں ہو سکتا۔ سی پیک میں آج ترقی نہیں ہو رہی وہاں ہلاکتیں ہورہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مان لو کہ نواز شریف تمہارا سب سے بڑا استاد ہے، تم 3 سال سے اقتدار میں بیٹھے ہو لیکن نواز شریف کے خوف کی وجہ سے تمہاری دوڑیں لگی ہوئی ہیں، ایک دن بھی تمہیں نہ چین کا ملا نہ عزت کا ملا۔ دل میں تو مانتے ہوگے کہ نواز شریف نام ہی کافی ہے۔ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر کہتے ہیں کہ 2 منٹ خاموشی اختیارکریں اور پھر خاموشی اختیار کرنے کا کہہ کر مکمل خاموش ہوگئے، کشمیر میں ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے روز صبح اٹھتی ہوں خبر ملتی ہے، آٹا، دوا، چینی مہنگی، نواز شریف کے دور میں جو سی پیک شروع ہوا آج وہ بند پڑا ہے، آج ہوائی اڈے گروی رکھے جاررہے ہیں، ہمارے دورمیں کہا کرتے تھے موٹرویز اور سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی اور آج وہی کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ڈڈیال میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہاکہ اب دشمن بھی کہنے پہ مجبور ہو گیا ہے کہ آزاد کشمیر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کشمیر کے کونے کونے کا دورہ کیا ہے۔  لوگ نہ وفاقی حکومت کو جانتے ہیں اور نہ کسی ووٹ چور کو جانتے ہیں۔ پاکستانی عوام کو صرف کہانیاں سنائی جا رہی ہیں اور عوام کو وہ عمران خان نظر نہیں آرہا ہے جس نے الیکشن میں وعدے کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صبح اٹھتے ہی سوچتے ہیں مسلم لیگ ن سے انتقام کیسے لینا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارے انتقام سے بجلی، گیس اور آٹا سستا نہیں ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن