پاکستانیوں کو مہنگائی کا عذاب دینے والے آزاد کشمیر کے عوام کو صرف دھوکہ دے سکتے شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے بذات خود ملک میں تاریخی مہنگائی کا اعتراف کرلیا ہے اگر عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہوتا تو حکومت اپنے زیرکنٹرول ادارے میں قیمتیں کیوں بڑھاتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو 3 سال میں مہنگائی، بے روزگاری کا عذاب دینے والے آزادجموں وکشمیر کے عوام کو صرف دھوکہ دے سکتے ہیں۔ ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، عوام پر مہنگائی، بے روزگاری کا ظلم سب حدیں پار کرچکا ہے مہنگائی، ملک پر قرض، بے روزگاری، معاشی تباہی سب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں پاکستان میں اتنی بدترین کارکردگی دکھانے والے سمجھتے ہیں کہ آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو یہ سب نظر نہیں آ رہا؟ انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں حکومت نے پہلے بدکلامی شروع کی، پھر نوٹ چلانے کی کوشش کی اور آخر میں گولی چلا دی حکومت فیل ہوچکی ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، پاکستان کے عوام کی سزا ختم ہونی چاہئے۔