• news

گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ پھر شروع‘ کاروبار متاثر‘ صارفین سراپا احتجاج

لاہور‘ واربرٹن‘ سمبڑیال‘ ننکانہ صاحب‘ وزیر آباد‘ وہاڑی (نمائندگان نوائے وقت + نامہ نگاران) لاہور سمیت شدید گرمی‘ حبس میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔ سمبڑیال ‘ واربرٹن‘ ننکانہ‘ وزیر آباد میں معمولات شدید متاثر‘ صارفین نے شدید احتجاج کیا جبکہ بزرگ اور بچوں کے بیہوش ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سمبڑیال و گردونواح میں بجلی بحران شدت اختیار کر گیا۔ مسلسل گھنٹوں کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے، متعدد مقامات پر شدید گرمی سے ضعیف العمر افراد، بچے بے ہوش ہونے لگے جبکہ عید کے قریب بجلی کی بندش کے باعث کاروبار ٹھپ ہونے سے تاجر طبقہ واپڈا کے خلاف سراپا احتجاج بن گیا۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن اور گردو نواح میں شدید گرمی اور حبس کے دوران بجلی کی بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں، جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر بھر میں بجلی کی بدترین اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ لیسکو ہر گھنٹے بعد بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے ان کے کاروبار بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے امور زندگی‘ کاروباری، صنعتی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں۔ شہریوں کا شدید احتجاج، 16سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔ وولٹیج کی کمی بیشی کی وجہ سے الیکٹرانکس اشیاء کے جل جانے سے مجموعی طور پر شہریوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں شدید گرمی کے باوجود میپکو حکام کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ گرمی کے ستائے لوگ بجلی بند ہوتے ہی میپکو حکام کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دیتے دکھائی دیئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن