ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر کراچی کے ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج، رجسٹریشن بند
کراچی(آئی این پی ) ایکسپو سینٹر میں قائم ملک کے سب سے بڑے کورونا ویکسینیشن سینٹر میں ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے احتجاج کرتے ہوئے رجسٹریشن بند کردی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ملک کے سب سے بڑے کورونا ویکسینیشن سینٹر میں کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین نے تنکواہ کی عدم ادائیگی پر عوام کی رجسٹریشن کا عمل روک دیا۔ کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد بھی رجسٹریشن کا عمل شروع نہ ہونے پر ویکسین لگوانے آنے والوں کی بڑی تعداد واپس لوٹ گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہ نہیں ملے گی تو کام بھی نہیں ہوگا ، ہمیں ہمارا حق دیا جائے جو وعدہ کیا وہ نبھایا جائے۔واضح رہے کہ ایکسپو سینٹر میں300 کے قریب ورکرز رجسٹریشن کے کام پر معمور ہیں۔