• news

پاکستان کا دفاع ما ضی سے بہتر ، بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی

تجزیہ: محمد اکرم چودھری
بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی، پاکستان میں بدامنی پھیلانے اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ پاکستان دفاعی اعتبار سے ماضی کی نسبت بہت مضبوط اور محفوظ ہو چکا ہے۔ پاکستان کے دفاعی اداروں نے افغانستان کے ساتھ اپنے طویل بارڈر کو محفوظ بنانے کے لیے بروقت اور بہترین اقدامات اٹھائے ہیں اب ماضی کی طرح شرپسندوں کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن نہیں ہے۔ بھارت پاکستانی کرنسی شائع کر کے اسے افغانستان کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ بھارت کی پاکستان کے  خلاف جھوٹی مہم، امریکی پشت پناہی اور اشرف غنی کی بھارتی ایما پر تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ آج کا پاکستان نائن الیون کے پاکستان سے مکمل طور پر مختلف ہے۔ پاکستان کے دفاعی اداروں نے کئی برس کی مسلسل محنت سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیتی ہے اس دوران پاکستان کے اپنی دفاعی صلاحیت کو بڑھایا ہے۔ حتیٰ کہ اندرونی طور پر شرپسندوں کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت میں بھی بیپناہ اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں امن و امان کی مسلسل بہتر ہوتی صورتحال دفاعی اداروں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دشمن ایک مرتبہ پھر متحد ہو چکا ہے۔ پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے ہمارے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو پلے گراونڈ بنانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ تاشقند میں اشرف غنی کے الزامات، اپر کوہستان میں پیش آنے والا واقعہ، افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا ان واقعات کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" اور افغانستان کی "این ڈی ایس" کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں اس وقت ماضی سے زیادہ اتحاد اور اپنے دفاعی اداروں کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ دشمن کا ہدف سیکیورٹی اداروں کو نقصان پہنچانا ہے۔ ہمیں ہر سطح پر پہلے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن