• news

شہید شاہ نواز بھٹو نے آمروں کے خلاف  مزاحمت کی: آصف زرداری، بلاول 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید شاہنواز خان بھٹو سچے جمہوریت پسند تھے۔ انہوں نے آمروں کے خلاف مزاحمت کی۔ شہید شاہنواز بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قوم مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو سلام کرتی ہے جنہوں نے اپنا گلشن ملک اور قوم پر قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھٹو خاندان کی قربانیوں جیسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ملک میں جمہوریت کا روشن سورج گڑھی خدا بخش بھٹو کے قبرستان سے خون کی لالی کے ساتھ طلوع ہوتا ہے۔ دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے پر جنرل ضیا کی ایما پر شہید شاہنواز بھٹو کو شہید کیا گیا۔جمہوریت کے لئے شہید شاہنواز بھٹو کی جدوجہد اور قربانی کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل رہے گی۔ ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کے یومِ شہادت پر اپنے جای پیغام میں کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کے 36 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے پر جنرل ضیا کی ایما پر شہید شاہنواز بھٹو کو شہید کیا گیا۔شہید شاہنواز بھٹو خاندان کا لاڈلا اور جمہوریت پسند انقلابی سوچ کا حامل نوجوان رہنما تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن