عازمین حج منیٰ پہنچ گئے،غلاف کعبہ تبدیل ‘آج وقوف عرفہ
مکہ مکرمہ (ممتاز بڈانی) مناسک حج کی ادائیگی کیلئے عازمین حج منیٰ پہنچ گئے۔ یوم الترویہ گزارا۔ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائیگا۔ ساٹھ ہزار مقامی اور مقیم غیرملکی حج کر رہے ہیں۔ قافلے آج نو ذی الحجہ کو میدان عرفات پہنچیں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ رش اور ہجوم سے بچنے کے لیے کرونا ایس او پیز کے تحت عازمین حج کو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور مرحلہ وار اپنی باری آنے پر ہر گروپ مناسک حج ادا کرسکے گا۔ 60 ہزار میں 4 ہزار 600 پاکستانی عازمین حج شامل ہیں۔ عرفات، مزدلفہ سمیت منی اور بیت اللہ شریف کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ سیکورٹی فورسز سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ عازمین آج منیٰ میں فجر کی نماز کے ساتھ ہی حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کیلئے میدان عرفات جائیں گے۔ جہاں ظہر عصر دونوں نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ شیخ بندر بن عباالعزیز البلیلہ حج کا خطبہ دیں گے۔ حجاج کرام غروب آفتاب تک میدان عرفات میں ذکر اذکار کے ساتھ قیام کریں گے۔ غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کرام مزدلفہ پہنچیں گے جہاں پر مغرب و عشاء دونوں قصر نمازیں ایک ساتھ پڑھیں گے۔ رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں گذارنے کے ساتھ کنکریاں وہاں سے چنیں گے۔ صبح فجر کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ حجاج کرام منیٰ پہنچیں گے جہاں بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے جس کے بعد حجاج کرام قربان گاہ جاکر سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے قربانی کا جانور ذبح کریں گے جس کے بعد سر کے بال کٹوا/ منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ این این آئی کے مطابق سعودی وزیر حج نے کہا 25 جولائی کے بعد عمرہ کی اجازت دیدی جائیگی۔ یومیہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے دیئے جائیں گے۔ادھر8ذوالحجہ کو خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کر دیا گیا،یہ 670کلو گرام خالص ریشم سے تیار کیا جاتا ہے جو اٹلی سے لایا جاتا ہے، عمومی طور ہر 9ذولحجہ کو غلاف تبدیل کیا جاتا ہے۔دستاویزات پر ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس اور ڈاکٹر الشیبی نے دستاویزات پر دستخط کئے۔