صحت کی معیاری سہولتوں کیلئے انقلابی اصلاحات متارف کرائیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے مختصر مدت میں شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد ہسپتالوں میں عوام کو معیاری ہیلتھ کیئر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں شعبہ صحت کے مجموعی بجٹ میں 118 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور رواں مالی سال میں 369 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ کرونا ویکسین خریدنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن میں اس پروگرام کا آغازہو چکا ہے اور 31دسمبر تک صوبے کے 11 کروڑ عوام کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے سرغنہ کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کا قابل فخر کارنامہ ہے۔ سفاک قاتل کو مقابلے میں جہنم واصل کرنے والے افسر اور اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ لوگوں کو بے دردی سے قتل کرنے والے درندے کا مقابلے میں عبرتناک انجام جرائم پیشہ عناصر کے لئے واضح پیغام ہے کہ ایسے ہر گینگ کا قلع قمع کیا جائے گا اور لاقانونیت یا دہشت پھیلانے والے ہر گینگ کا ایسا ہی عبرتناک انجام ہو گا۔ کسی بھی گینگ یا گروہ کو لاقانونیت یادہشت پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور قانون کی عملداری کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ بزدار حکومت نے لاہور کے شہریوں کی سہولت کے لئے شاندار منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور شہر کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار 19جولائی کو گلاب دیوی انڈر پاس اور لاہور برج کی توسیع کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ڈی جی ایل ڈی اے منصوبے کے بارے بریفنگ دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نے لاہور کے شہریوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبے شروع کئے ہیں اور لاہور شہر کے نظر انداز علاقوں میں بھی پہلی بار ترقی کے سفر کو لے کر گئے ہیں۔ لاہور شہر میں آئندہ 2 برس ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے۔ سابق گورنر و وزیر اعلی سندھ ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ہے۔