نواز شریف مائنس نہیں پلس ہوا ، آزاد کشمیر الیکشن انقلاب : مریم نواز
دھیرکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے دھیر کوٹ آزادکشمیر نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں (ن) لیگ کی انتخابی مہم کے چرچے ہیں۔ خوشی ہے نوازشریف کی قربانی رائیگاں نہیں گئی، رنگ لائی۔ میں جہاں جہاں جاتی ہوں، ایک ہی آواز آتی ہے وہ ہے محمد نوازشریف۔ دھیر کوٹ میں ایک بیٹی ووٹ کو عزت دو کا پلے کارڈ اٹھا کر کھڑی ہے۔ نوازشریف مائنس نہیں ہوا، نوازشریف پلس پلس پلس ہوگیا ہے۔ آزادکشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ یہ الیکشن نہیں، تبدیلی نہیں، انقلاب ہے۔ نوازشریف آپ کو مبارک ہو، آپ کا دشمن ہار گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے جوانوں کا جذبہ دیکھ کر بولتی ہوں یہ ہے انقلاب۔ 25 جولائی کو مسلم لیگ (ن) کی جیت ہوگی۔ ہفتہ کو سلیکٹڈ باغ آزادکشمیر میں جلسہ کرنے آیا تھا اگر یہ ہفتہ کو جلسہ نہ کرتے تو شاید ان کا بھرم رہ جاتا۔ انہوں نے باغ آزادکشمیر میں پیسے بنانے والی نئی مشین ڈھونڈ لی ہے۔ یاد رکھو تمہاری کل بھی 2 سیٹوں کی اوقات تھی آج بھی دو سیٹوں کی ہے۔ نوازشریف کے پاس کوئی اے ٹی ایم نہیں۔ کراچی سے خیبر تک ہر جگہ عوام نے تمہیں مسترد کیا ہے۔ سلیکٹڈ کا جلسہ فلاپ تھا جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔ آپ کی کمائی کا پیسہ ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کے پٹرول میں پھونکا گیا۔ ان کا ہفتے کے روز جلسہ جلسی بھی نہیں تھی۔ مریم نواز نے وزیراعظم کی جانب سے کی جانے والی تقریر پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کا نواسہ ہے گولڈ سمتھ کا نہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جیسا منہ ہو گا ویسا ہی تھپڑ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہتا ہے کہ وہ پولو کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی لیکن اب جیسی بات ہوگی ویسا ہی جواب ہو گا۔