3 میٹرو بس: مسافر بڑھانے‘ سبسڈی کمی کیلئے سفارشات تیار
لاہور (وقائع نگار) صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے تصدیق کرتے کہا پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اگست 2021 ء کے آخر تک لاہور میٹروبس سسٹم میں 64 نئی بسیں شامل کرے گی۔ ترجمان کے مطابق 16نئی بسیں لاہور میٹرو بس ڈپو پہنچ چکی ہیں جبکہ باقی 48بسیں 15اگست2021ء تک لاہور پہنچ جائیں گی۔ یہ بسیں ویڈاٹرانزٹ سالوشنز کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں اور نئے معاہدے سے حکومت پنجاب کو 2ارب روپے کی بچت بھی ہو گی۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ا پ گریڈیشن کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات دستیاب ہوں۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے لاہوراورنج لائن میٹرو ٹرین کے مسافروں کی تعداد میں اضافے اور سبسڈی کو کم کرنے کیلئے اپنی سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کر دی ہیں۔ ان سفارشات کے مطابق حکومت سے استدعا کی گئی ہے کہ فاصلہ پر مبنی کرایہ متعارف کرایا جائے اور مسافر کے سفر کردہ فاصلے کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے۔ بزرگ شہریوں کے لئے مفت سفر کی اجازت دینے کے لئے سینئر سٹیزن کارڈ متعارف کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔ خصوصی / معذور افراد کے لئے سپیشل پرسن کارڈ کے ذریعے مفت سفر کی اجازت، طالب علموں کو سٹوڈنٹ کارڈ کے ذریعہ خصوصی چھوٹ، سرکاری ملازمین کے لئے گورنمنٹ ایمپلائی کارڈ کے ذریعہ خصوصی چھوٹ اور ورکنگ ویمن کارڈ کے ذریعہ ملازم پیشہ خواتین کو خصوصی چھوٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح ہفتہ وار کارڈ کے ذریعے ایک ہفتہ کے دوران لامحدود سفر کرنے کی اجازت اور ماہانہ کارڈ کے ذریعے ایک ماہ کے دوران لامحدود سفر کرنے کی اجازت دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔