مریم اورنگزیب کا چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرسے عمران خان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد(خبرنگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان خود کو ہر قانون اور ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں، آئین کے تحت خود مختار اداروں، الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کو خاطر میں نہیں لاتے، گزشتہ روز عمران خان نے قانون اور اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ دکھایا۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ جس وزیر کو الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر سے نکل جانے کا حکم دیا، عمران خان اسے ہی ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ لے آئے، انہوں نے قانونی حکم کی خلاف ورزی کر کے الیکشن کمشن کو چیلنج کیا ہے، یہ رویہ ان کی مجرمانہ اور فسطائی ذہنیت کا ثبوت ہے، عمران خان نے پہلے گالی گلوچ بریگیڈ کو آزاد جموں و کشمیر بھیجا، نوٹ نہ چلے تو گولی چلائی، اب کھلم کھلا الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ڈسکہ والی ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں کا آزاد جموں و کشمیرکے عوام ڈسکہ کے عوام کے انداز میں جواب دیں گے۔