عوام کو سبز باغ دکھانے والے 25 جولائی کے بعد نظر نہیں آئینگے: پیپلز پارٹی
برنالہ آزاد کشمیر‘ راولاکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے برنالہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ چودھری پرویز اشرف پی پی کا جیالہ ہے ان کے خاندان کی خدمات حلقہ میں نظر آ رہی ہیں۔ حلقہ میں داخل ہونے پر پی پی ہی نظر آئی۔ پی پی آج بھی زندہ ہے کون کہتا ہے پی پی ختم ہو گئی۔ سعید غنی نے خطاب میں کہا چودھری پرویز اشرف آپ 25 جولائی کا الیکشن جیت چکے ہیں۔ گندے وزیروں نے آزاد کشمیر میں کھڑے ہو کر شہید بھٹو کے بارے میں کچھ کہا گندے وزیر کی مذمت کرتا ہوں جو کشمیریوں کو دو ٹکے کا کہتا ہے تمہاری ساری تنظیم کشمیریوں کے جوتے کے برابر بھی نہیں۔ شہید بھٹو کا سپاہی‘ دوسری طرف ابھی نندن چھوڑنے والا عمران خان مودی کے الیکشن جیتنے کی دعائیں کرنے والا عمران خان ہے۔ کشمیری آزاد کشمیر اور بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف ووٹ دیں گے۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دورہ راولاکوٹ، حلقہ چار سٹی راولاکوٹ و حلقہ تین کھائی گلہ کے مختلف مقامات، چک، چہڑھ، بنجونسہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دفاتر کا افتتاح کیا۔ ضلع میں پہنچنے پر ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی حافظ صغیر کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں کلالجز، یونیورسٹیز کا قیام عمل میں لایا اور عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں شروع ہونے والے دیگر پراجیکٹ کو بھی پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ آمدہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کریں اور 25 جولائی کا پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر مہر لگائیں، اس موقع پر صابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔