کشمیری دوسری پارٹیوں کا بائیکاٹ کریں‘ ترازو پر مہر لگائیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی سرخیل اب کشمیریوں کی تیسری نسل ہے۔ مقبوضہ وادی کے باسیوں نے جس طرح بھارت کے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا اور آزادی کی شمع روشن رکھی اس کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ اسلام آباد میں بیٹھے سابق و موجودہ حکمرانوں نے کشمیر کاز سے بے وفائی کی۔ سمجھ نہیں آتی کہ وہ کس منہ سے آزاد کشمیر میں ووٹ مانگ رہے ہیں اور کشمیر کی بات کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی میں ایک ہی قبیل کے لوگ اور تینوں کا ایک ہی نظریہ ہے یعنی اپنے مفادات کا تحفظ کرو اور عوام کو کسی خاطر میں نہ لائے۔ موجودہ حکومت نے پاکستان کی رہی سہی معیشت اور اداروں کا بھی بیڑہ غرق کر دیا۔ مودی کے 5 اگست کے اقدام کے بعد کمزور خارجہ پالیسی جاری رکھی گئی اور نئی دہلی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے گئے۔ کشمیری اپنے بہتر مستقبل کے لیے سٹیٹس کو پارٹیز کا بائیکاٹ کریں اور 25 جولائی کو ترازو پر مہر لگائیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو گزشتہ 73برسوں سے جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف کشمیریوں کو ہے۔ وہ راولا کوٹ میں آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود اور دیگر قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی۔ جلسہ میں بزرگوں، خواتین، بچوں سمیت کشمیریوں کی بڑی تعداد نے قومی، جماعت اسلامی اور آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا کر شرکت کی۔ امیر جماعت نے شرکاء سے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو پاکستان و آزاد کشمیر کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائے گی اور سری نگر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرایا جائے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامیان پاکستان و آزاد کشمیر سمیت امت مسلمہ متحد ہو کر ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جائے۔