صورتحال تشویشناک‘ بھارت نے ہمیشہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال کی: دفتر خارجہ
اسلام آباد (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن افغانیوں، پاکستان، خطے اور عالمی برادری کی ضرورت ہے۔ توقع ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تعمیری کردار ادا کرے گی۔ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے تمام علاقائی ممالک کی کوششوں کو سپورٹ کرے گا لیکن افغان امن عمل کو آگے لیکر بڑھنے کی ذمہ داری افغانستان کے تمام سٹیک ہولڈرز پر ہے۔ افغان قوتوں کے پاس یہ تاریخی موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی حل کی طرف جائیں۔ بھارت نے ہمیشہ افغانستان کے اندر سپائلر کا کردار ادا کیا اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی۔ پاکستان نے بھارت کا گھنائونا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ بھارت جو طویل عرصے تک خود کو دنیا کے سامنے دہشتگردی سے متاثرہ ملک کے طور پر پیش کرتا رہا لیکن آج وہ دنیا کے سامنے دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کے طور پر جانا جاتا ہے جو پاکستان کے موقف کی بڑی کامیابی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان صورتحال پاکستان کیلئے باعث تشویش ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن ہو تاکہ افغان مہاجرین باعزت طور پر اپنے وطن واپس جا سکیں لیکن اگر افغانستان میں دوبارہ بدامنی پیدا ہوئی تو افغان مہاجرین ہمسایہ ممالک اور بالخصوص طور پر پاکستان کا رخ کر سکتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں ایسی نمائندہ حکومت بنے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کی سب سے زیادہ ضرورت افغان عوام، اس کے بعد پاکستان سمیت خطے کے دوسرے ممالک کو ہے۔ آج بھارت دنیا میں ایک دہشتگرد ملک کے طور پر جانا جاتا ہے جو پاکستان کے موقف کی بڑی کامیابی ہے۔