گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ، احتجاج حب پلانٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے پیداوار متاثر ہوئی : حماد اظہر
لاہور، اسلام آباد، فیروز والا‘ شیخوپورہ، قصور (نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار، علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت دوسرے شہروں اور مضافات میں 5 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، گرمی اور حبس کے باعث زندگی اجیرن ہوگئی۔ مختلف مقامات پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا جبکہ کاروبار زندگی شدید متاثر ہونے اور پانی کی قلت سے بھی لوگ پریشان ہیں۔ منڈی احمد آباد، چنیوٹ، چناب نگر، بصیرپور، چونیاں، کھیوڑہ، کوٹ رادھا کشن، بھکھی، پیرمحل، جہلم، قصور، شیخوپورہ، کھاریانوالہ، پنڈی بھٹیاں اور دیگر شہروں میں صورتحال بدتر رہی، لوگ حکمرانوں کو بددعائیں دیتے رہے۔ اسلام آباد سے نامہ نگارکے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہری علاقوں میں 6سے 8اور دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ چائینہ حب پاور پلانٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ منگلا ڈیم سے بھی پانی کا اخراج معمول سے تھوڑا کم ہے ۔ بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید 3.75فیصد گیس پاور سیکٹر کو دی جارہی ہے۔ اضافی گیس بجلی کی پیک ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے عارضی طور پر مختص کی گئی ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچ گئی۔ ہر 15منٹ اور گھنٹے بعد دو دو گھنٹے بجلی کی بندش جاری رہی۔ شہریوں نے جھولیاں اٹھا کر تبدیلی سرکار کو بدعائیں دیں۔ لوڈ شیڈنگ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، ہسپتالوں میں مریضوں کا برا حال ہے۔ جبکہ قصور شہرکے متعدد علاقوں میں بجلی کے وولٹیج دوسو پچاس سے کم ہوکر ایک سو ساٹھ آرہے ہیں۔ بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق بصیرپور اور چورستہ میانخاں میں بجلی کی دن رات کے دوران 10گھنٹے سے زائد اور گیس کی رات بھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ منڈی احمد آباد سے نامہ نگارکے مطابق لیسکوکی طرف سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع کردیاگیااورساتھ ہی ساتھ وولٹیج بھی انتہائی کم آرہے ہیں، کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کوٹ رادھاکشن اور گردونواح میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا۔ لیسکو اہلکار سائلین کا فون اٹھانے سے بدستور گریزاں ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق بھکھی اور گردو نواح میں غیراعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ چونیاں سے نامہ نگار کے مطابق چونیاں شہر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں۔ کاروبار تباہ ہو گئے۔ لیسکو چونیاں آفس کے اہلکار کافی عرصہ سے پرمٹ کے نام پر ہفتہ میں دو دن صبح سے شام تک بجلی بند کر دیتے ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پنڈی بھٹیاں سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کئی کئی گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عورتیں‘ بچے اور بزرگ شہری شدید گرمی اور حبس میں تڑپتے اور حکومت کو کوستے رہتے ہیں۔ محلہ غریب پورہ کی رہائشی خواتین نے تین روز سے ٹرانسفارمر کی خرابی کو درست نہ کرنے پر گیپکو سب ڈویژن دفتر کے باہر شدید احتجاج کیا۔ اہلکاروں منتخب نمائندوں کو کوستی رہیں۔ عورتوں نے سینہ کوبی کر کے اور ہاتھوں کی زنجیر بنا کر شدید احتجاج کیا۔ شیخوپورہ‘ کھاریانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق دونوں علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ہونے والی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ کر 14 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ شہری حکمرانوں اور لیسکو حکام کو کوس رہے ہیں۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ، کوٹ عبدالمالک اور تحصیل فیروزوالا کے علاقوں میں شدید گرمی کے موسم میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری سخت پریشان ہیں۔ عوام تبدیلی سرکار کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں ارسا نے تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 15 ہزار کیوسک کم کر دیا۔ وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق تربیلا سے پانی کا اخراج کم ہونے سے ایک ہزار میگاواٹ تک بجلی کی پیداوار کم ہو جائے گی۔ منگلا سے بھی پانی کا اخراج کم کرنے پر 600 میگاواٹ تک بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ تربیلا سے بجلی کی پیداوار تین ہزار میگاواٹ سے بھی نیچے آ گئی۔