• news

کرونا : 21 اموات،50 فیصد نئے مریض بھارتی وائرس سے متاثر ، گوجرانوالہ میں فوج طلب

اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ملک میں بھارتی کرونا ڈیلٹا وائرس زور پکڑنے لگا۔ کراچی 83، لاہور میں کیس 56 ہو گئے جبکہ گوجرانوالہ میں فوج طلب کر لی گئی۔ فوج ایس او پیز پر عملدرآمد میں انتظامیہ کی مدد کرے گی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 85 فیصد مشتبہ نمونوں میں سے 56 میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق ویکسی نیشن ہی ڈیلٹا وائرس سے بچائو کا حل ہے۔ دوسری طرف ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے دور ان کیسز میں مسلسل اضافہ، کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 607 کیسز سامنے آئے ہیں۔ 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مزید 834 مریض شفایاب ہو گئے۔ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 34 فیصد ہو گئی۔ اب تک 22 ہزار 781 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ کْل مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 275 ہو چکی ہے۔ اب تک کْل 1 کروڑ 53 لاکھ 93 ہزار 974 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کْل 2 کروڑ 27 لاکھ 35 ہزار 993 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ دنیا بھرمیں کیسز کی تعداد 8کروڑ 99لاکھ 56ہزار 405ہوگئی۔ کراچی میں کرونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویرسینٹ زور پکڑنے لگا۔ حکام کے مطابق کراچی میں 90 میں سے 83 مریضوں میں ڈیلٹا ویرسینٹ پایا گیا۔ عید کے بعد صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔ کراچی میں کرونا مریض بڑھنے سے ہسپتالوں پر دبائو بڑھنے لگا۔ سول ہسپتال سمیت کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں شیڈول آپریشنز ملتوی کر دیئے گئے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین نے کہا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کرونا کے نئے کیسز میں 50فیصد ڈیلٹا  ویری اینٹ کے ہیں۔ نوشین حامد نے کہا کہ ڈیلٹا وائرس ویری اینٹ  پھیلنے کی رفتار بھی تیز ہے۔ یہ ایک شخص سے اوسطا4افراد متاثرہوتے ہیں، لاہور میں تقریبا 68فیصد کیسز ڈیلٹا کے رپورٹ ہو رہے ہیں۔ سرکاری طور پرڈیلٹا سے ابھی تک کسی موت کی تصدیق نہیں ہوئی۔ نوشین حامد نے کہا کہ ڈیلٹا ویری اینٹ پرتحقیق زندہ لوگوں پر ہی ہوئی ہے۔ ویکسینیشن والے افرادکرونا ہونے پربھی زیادہ متاثر نہیں ہوںگے۔ اتوار کو جاری وزارت قومی صحت کے جاری ٹویٹ کے مطابق کووڈ 19 ویکسین کے بارے میں افواہیں نہ پھیلائی جائیں کیونکہ ایسا کرنا صورتحال کو خراب کرسکتا ہے اور آپ کے دوستوں اور کنبہ کے ممبروں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ ہر ویکسین مختلف ٹرائلز سے گزری، ہر ویکسین کا تجربہ کیا گیا۔ روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 25ہزار18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5958133 سے تجاوز کر گئی ہے۔ 24گھنٹوں کے دوران 764 نئی ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14لاکھ 8ہزار 419تک پہنچ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن