• news

25 جولائی کوووٹ سے پی ٹی آئی کو شکست دیں گے: احسن اقبال‘ دانیال عزیز

شکرگڑھ‘ نارووال (نامہ نگار) 25 جولائی کو ووٹ کی پرچی سے پی ٹی آئی کو شکست دیں گے۔ انصاف اور قانون مضبوط ہوگا تو ملک کا غریب محفوظ ہوگا۔ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں یہ عوام کی آواز ہے۔ پاکستان کے عوام کے ووٹ سے منتخب وزیر اعظم کو نکال دیا جاتا ہے۔ نیب اور حکومتی ادارے صرف (ن) لیگ کے خلاف مقدمات بناتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار اپنے جلسوں میں عمران خان کا نام نہیں لیتے۔ دھاندلی کی کوشش کی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے حلقہ ایل اے 37  جموں4  نارووال  کے شکرگڑھ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ 22کروڑ عوام کے ملک کی چابی عمران خان جیسے اناڑی کو پکڑا دی گئی۔  نواز شریف کی ترقی کو نا اہل حکومت نے برباد کر کے رکھ دیا۔ عوام کے ووٹ سے اس ملک کے فیصلے ہوں گے تو ملک کی سمت درست ہوگی۔ شہید کشمیریوں کے ووٹ کی امانت کو موجودہ حکومت کے حوالے کرنا کشمیریوں سے زیادتی ہوگی۔ مودی نے آئین تبدیل کر کے کشمیر پر قبضہ کر لیا۔ موجودہ حکومت نے 2 سال سے چوڑیاں پہن رکھیں۔ کشمیریوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ حکومت التجائیں کرتی ہے کہ مودی ہم سے مذاکرات کرے۔ (ن) لیگ کے دور میں مودی کو کشمیر پر قبضہ کی جرات نہ ہو سکی۔ سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اتنے تنگ ہیں کہ مہنگائی کے سبب گھروں میں جھگڑے شروع ہو چکے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے 75 فیصد پاکستانی متاثر ہوئے ہیں۔ نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نااہل اور ناکام حکومت نے شدید گرمی اور عید الاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کر کے عید قربان سے پہلے عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا ہے۔ پاکستانی عوام اس شدید گرمی میں دیہی اور شہری حلقوں میں چھ چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے بلبلا اٹھے ہیں۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 72سال کی تاریخ میں کبھی نہیں سنا تھا کہ گرمیوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوئی ہو۔ اس وقت ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے جس کی وجہ اس حکومت کا ایل این جی پروجیکٹ کو سیاست کی نذر کرنا ہے۔ انہوں نے بر وقت ایل این جی منصوبوں کا فائدہ نہیں اٹھایا جس کا نقصان پاکستان کی بائیس کروڑ عوام اور صنعت برداشت کر رہی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کے ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بعد اب پاکستان میں جو سکیورٹی کی صورتحال ہے وہ بد ترین ہو چکی ہے جس کی میں بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ کیونکہ وفاقی دارالحکومت میں افغان سفیر کی بیٹی کا واقعہ پاکستان کے لیے نہایت قابل شرم ہے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کا نواز شریف سے کیا مقابلہ ہے۔ آپ نے تو فلموں والے چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے نو کہا جبکہ نواز شریف نے پانچ بار امریکہ کے صدر کو نو کہہ کر ایٹمی دھماکے کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن