• news

قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 2نو جوان شہید

نئی دہلی ،سری نگر(کے پی آئی)جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج نے حریت پسند کمانڈر اشفاق احمد ڈار سمیت دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے گزشتہ روز ضلع شوپیان میں چک صدیق خان علاقے کا محاصرہ کر لیا تھا ۔ پیر کے روز علی الصبح  تلاشی مہم کے دوران  بھارتی فوج  نے کمانڈراشفاق احمد ڈار سمیت دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔  قصبے کا محاصرہ جاری ہے نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی  شہریوں نے احتجاج کیا ۔  ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر پولیس کے ٹویٹ کے مطابق لشکر طیبہ تنظیم سے وابستہ کمانڈر اشفاق احمد ڈار عرف ابو اکرم  سمیت دو نوجوان فورسز سے جھڑپ میں مارے گئے۔دوسری جانب بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعت جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے دوسری بار اقتدار کے دو  برس مکمل کر گئے ہیں ۔ بی جے پی حکومت  اپنے ناقدین کے خلاف بغاوت  کے مقدمات قائم کر کے  انہیں خاموش کرا رہی ہے ۔2014 سے 2019  کے دوران  مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف ریاستوں میں بغاوت کے قانون کے تحت 326 مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں سے صرف 6 افراد کو سزا سنائی گئی ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بغاوت کے 25مقدمات درج ہوئے ہیں اور صرف تین  مقدمات میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے تاہم کسی کو بھی اس قانون کے تحت سزا نہیں سنائی گئی ہے۔  بھارتی سپریم کورٹ نے پچھلے ہفتے کہا تھاکہ  آئی پی سی کی دفعہ 124 (اے)  بغاوت کے قانون کا بے حد غلط استعمال کیا گیا ہے۔بھارتی  وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق 2014 اور 2019 کے درمیان ملک میں بغاوت کے قانون کے تحت مجموعی طور پر 326 مقدمات درج کئے گئے ، آسام میں سب سے زیادہ 54 واقعات ہوئے۔ان مقدمات میں سے 141 مقدمات میں چارج شیٹ دائر کی گئی جبکہ چھ سال کی مدت کے دوران صرف 6 افراد کو اس جرم میں سزا سنائی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن