• news

کرونا کیسز میں اضافہ، سمارٹ لاک ڈائون، پابندیاں بڑھ سکتی ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے عید الاضحی کے موقع پر اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام اور انتظامی افسر بس اڈووں پر جاکر خود چیکنگ کریں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقررکردہ کرائے سے زائد وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔ اوورچارجنگ کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ  کی اہم مصروفیات کے باعث گلاب دیوی انڈرپاس اور لاہور برج کی توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ملتوی کر دی گئی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے لاہور سمیت صوبے بھر میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں بازاروں، مارکیٹوں اور دیگر مقامات کی تسلسل کے ساتھ چیکنگ کریں۔ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ عید کی تعطیلات کے دوران خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ شہریوںکی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ضروری اقدام پہلے بھی کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث کرونا کیسوں میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔ بے احتیاطی کے باعث ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ چوتھی لہر کا آغاز ہوچکا ہے اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ کیسوں میں اضافے کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈائون اور دیگر پابندیاں بڑھ سکتی ہیں۔ کرونا کی چوتھی لہر کی روک تھام کے لئے شہریوں کا تعاون ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن