کرونا کی چوتھی لہر خطرناک، سب ویکسین لگوائیں: شجاعت، پرویز الٰہی، مونس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کرونا کی چوتھی لہر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس وبا سے نجات اور اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر دعا مانگنی چاہئے اور سب کو ویکسین لگوانی چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عالمی برادری کو اس مہلک مرض سے نجات دلوانے کے لیے ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دینا چاہئے۔ انسانیت کا تقاضا یہی ہے کہ اس مشکل وقت میں سب انسان اپنے ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام بالخصوص اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے خصوصی دعا کریں۔ بھارتی فوج انسانیت کو روند رہی ہے۔ عالمی برادری کیوں خاموش ہے۔ اسے اپنی یہ خاموشی توڑنا ہو گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنا ہو گی تاکہ کرونا جیسے موذی مرض سے نجات ملے۔ کرونا کی تباہ کاریوں نے عالمی سطح پر تمام ممالک کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا خصوصاً پاکستان نے اس کی بڑی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ملک کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ظالمانہ حرکات سے باز آئے۔ بے گناہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔