• news

بچوں کے معاملہ پر جمائما اور مریم نواز آمنے سامنے 

لاہور (مانیٹرنگ نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے کہا ہے کہ یہود دشمنی پر مبنی حملوں کے بعد پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران تقریر میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کے بیٹوں پر تنقید کی تھی۔ مریم نواز نے حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کہتا ہے کہ میاں نواز شریف کا نواسہ (جنید) باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے۔ اس کے پاس کھیل کھیلنے کے پیسے کہاں سے آئے۔ میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی، لیکن جیسی بات کرو گے اب منہ توڑ جواب ملے گا۔ جنید نواز شریف کا نوسہ ہے، گولڈ سمتھ کا نواسہ نہیں ہے۔ وہ یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے کہا کہ ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں قتل کی دھمکیاں اور میرے گھر کے سامنے مظاہرے شامل تھے) کے بعد 2004ء میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ مریم نواز شریف نے آج اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔ جس کے بعد ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ جمائما کی ذاتی زندگی سے مجھے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے آپ، آپ کے بیٹوں یا آپ کی ذاتی زندگی سے قطعاً دلچسپی نہیں ہے۔ کیونکہ میرے پاس کرنے اور کہنے کے لیے بہتر کام ہیں، آپ صرف اپنے سابق شوہر کو الزام دیں۔ آپ کے سابق شوہر خاندان کو گھسیٹتے ہیں، دوسروں کو بھی جواب دینا آتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن