• news

سر ینگر، پولیس وین پر فائر نگ: بھارت نے کشمیریوں سے مذہبی آزادی سمیت تمام حقوق چھین لئے، رپورٹ

سرینگر‘ اسلام آباد (اے پی پی+ انٹرنیشنل ڈیسک) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے آئندہ دو دن کیلئے وادی کشمیر میں ٹرین سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے کہا ہے کہ بانیہال  سے بارہمولہ تک ٹرین سروس بدھ اور جمعرات کو معطل رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کی  وبا کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ٹرین سروس معطل کی گئی ہے۔ رینواوری کے علاقے میں مسلح افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی۔ نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ادھر عیدالاضحیٰ کے موقع پر حریت پسند لیڈر میر واعظ عمر فاروق و دیگر نے امت مسلمہ کو دلی مبارک باد دی ہے۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری مسلمانوں سے انکی مذہبی آزادی سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے   منگل کو جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں سے انکے تمام بنیادی انسانی حقوق چھیننے کے بعد اب کشمیریوںکو جانوروں پر مظالم کی روک تھام کے ایکٹ کی آڑ میں گائے ، بیلوں اور اونٹوں جیسے بڑے جانوروںکی قربانی کے مذہبی فریضے کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وادی میں بڑے جانوروںکی قربانی پر پابندی کشمیریوں کی مذہبی آزادی اور کشمیریوں کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنے کی دانستہ کوشش ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا اس اقدام سے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ  اور شیوسینا جیسی انتہا پسند ہندو تنظیموں کاخفیہ ایجنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔ جسے کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس علما نے ایک بیان میں قابض انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ اس طرح کے ظالمانہ احکامات صادر کرنے سے گریز کرے جو کہ کشمیری مسلمانوں کیلئے قابل قبول نہیں کیونکہ یہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی میں براہ راست مداخلت ہے۔ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے عیدالاضحی کے موقع پر بڑے جانوروں کی قربانی پر پابندی کو مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن