بارش انتظامیہ الرٹ رہے، عید پر صفائی کا خود جا ئزہ لوں گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عثمان بزدار نے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔ ہمارا اخلاقی، قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارا اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔ محروم معیشت طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اللہ تعالیٰ کو راضی کریں۔ کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید الاضحی سادگی سے منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔ قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔ مظلوم کشمیری بھارتی ظلم وستم میں یہ عید الاضحی منا رہے ہیں۔ مودی سرکار نے کشمیری عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور واسا حکام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تما م ضروری وسائل بروئے کار لائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ واسا حکام اور انتظامی افسر فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ نکاسی آب کو ٹائم لائن کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔ امدادی سرگرمیوں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نماز عیدالاضحی لاہور میں ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی و سالمیت کیلئے دعا مانگیں گے۔ وزیراعلیٰ نے عید الاضحی پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور لوکل گورنمنٹ کے ادارے عید الاضحی پر زیرو ویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنائیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔کوڑا کرکٹ اور آلائشیں اٹھانے کے بعد انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید پر فیلڈ میں جاؤں گا اور خود صفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ رواں برس انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کریں۔لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے۔