پاکستان کیخلاف ہائر ڈوار شروع ہو گئی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کی گھر سے کھڈا مارکیٹ، دامن کوہ اور ایف نائن پارک جانے کی تمام فوٹیج دفتر خارجہ کو دے دی گئی ہے۔ پولیس نے سخت قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہم نے لڑکی کے اغوا نہ ہونے کی تفتیش مکمل کرکے وہ بھی وزارت خارجہ کے حوالے کردی ہے۔ چاروں ٹیکسی ڈرائیورز کا ریکارڈ صاف نکلا ہے۔ تفتیش میں اغوا کا واقعہ ثابت نہیں ہوا۔ افغان سفیر کی بیٹی خود سائبر کرائم پڑھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپنا موبائل سارا ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا۔ ہماری تفتیش اور فوٹیج ریکارڈ وزارت خارجہ چاہے تو سفیروں اور میڈیا کو دے سکتی ہے۔ مناسب ہوتا کہ محض کسی ایک واقعہ کی بنیاد پر افغان سفیر واپس نہ جاتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغان سفیر خود تحقیقات کا حصہ بنیں۔ ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے واقعہ کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ اب ہم افغان سفیر کی بیٹی کے ٹیکسی ڈرائیور کی شناخت پریڈ دیکھنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی جلد تفتیش کا حصہ بنیں گی۔ تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی ہیں۔ پرچہ دے دیا ہے۔ افغان سفیر پیروی نہ بھی کریں تو ریاست کیس کو آگے لے کر چلے گی۔ ہماری بارڈر مینجمنٹ محفوظ ہے۔ نوے فیصد سرحد پر باڑ لگ چکی ہے۔ سرحد پر ہماری بہادر افواج حفاظت پر مامور ہیں جن کے ساتھ دیگر ادارے بھی ہیں۔ سب سے بڑھ کر عوام اپنی فوج کے پیچھے کھڑے ہیں۔ افغانستان کا مسئلہ افغانستان جانے ہم اپنی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لال حویلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کے بعد اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو کو خاص سکیورٹی زون بنانے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد اور تمام صوبوں کے آئی جی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ سکیورٹی پر نظر رکھیں۔ بعض دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان میں حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف غیر اعلانیہ ہائبرڈ وار شروع ہو گئی ہے۔ نوجواں پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار کے مقابلے کی تیاری کریں۔ عمران خان کا دنیا کے لیڈر کے طور پر ابھرنا اسرائیل اور بھارت کو نہیں بھاتا۔ اسی لئے عمران خان کا فون ہیک ہورہا تھا۔ چین داسو کے واقعہ کی تحقیقات سے مطمئن ہے۔ مخصوص عالمی طاقتیں پاک چین دوستی بڑھتے پھولتے نہیں دیکھنا چاہتیں۔ جوہر ٹائون لاہور دھماکہ‘ ایف اے ٹی ایف اجلاس سے ایک دن پہلے کیا گیا۔ داسو کا واقعہ سی پیک جے سی سی سے پہلے کیا گیا اور افغان سفیر کی بیٹی کا واقعہ امن کانفرنس سے پہلے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن عمران خان کی جماعت اور بلا جیتنے جا رہے ہیں۔ مریم نواز کو پچھلے دسمبر سے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا شوق ہے۔ وہ آزاد کشمیر میں اپنی جماعت کی ہار دیکھ کر دھرنا دینے کی باتیں کر رہی ہیں۔ آزاد کشمیر میں مریم نواز نے نواز شریف کے خلاف کوئی تقریر نہیں کی۔ صرف عمران خان کے خلاف اپنی کمپین کرتی ہیں لیکن میں بتادینا چاہتا ہوں کہ عمران خان چاہے چند ووٹوں سے کامیاب ہوں لیکن حکومت تحریک انصاف اور بلا بنائیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ دنیا کا منہ رکھنے کیلئے درج کیا۔ ہماری تفتیش کے مطابق یہ اغوا کا کیس نہیں ہے۔ 200 سے زاد ٹیکسی ڈرائیورز اور مالکان تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا معاملہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ صباح نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی 700 سے زائد گھنٹے کی فوٹیج دیکھی، 200 سے زیادہ ٹیکسیاں اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ان چار ٹیکسیوں اور ان کے مالکان تک پہنچے ہیں۔ تاہم ہمیں افسوس ہے کہ ہے ہماری اتنی کوشش کے باوجود وہ خود یہاں سے چلی گئی ہیں۔ لیکن ہم نے مقدمہ کیا ہے اور ریاست پاکستان یہ مقدمہ لڑے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت پاکستان اس کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ حالانکہ ان کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا اور ہماری تفتیش کے مطابق یہ اغوا کا کیس نہیں ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی کا یہاں ہونا ضروری ہے اور ہم چاہتے ہیں افغان سفیر خود بھی تحقیقات کا حصہ بنیں۔