قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہے:ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں ملت اسلامیہ اوربالخصوص اسلامیان پاکستان کو مبارک دی ہے۔ اپنے پیغام ان کا کہنا تھاکہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم کے عظیم جذبہ ایثار کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ یہی جذبہ ایثار امت محمدیہ کو ممتاز اور بلند مقام عطا کرتا ہے۔ قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ اہل ایمان اللہ کے راستے میں جان، مال، اولاد، عزت و آبرو، راحت و آرام قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے۔ اس موقع پر اتحاد امت، مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات ان کی حفاظت، اور دکھوں کے مداوا کی دعائیں مانگنی چاہیے۔اسی طرح کشمیر،افغانستان ، شام اور فلسطین کے عوام کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ہو گا۔