داسو واقعہ میں ہلاک ہونے والے 9 چینی انجینئرز کی نعشیں وطن بھجوا دی گئیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخواہ کے اپر کوہستان کے علاقے داسو میں بس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں ہلاک ہونے والے 9 چینی انجینئرز کی ڈیڈ باڈیز نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے چین روانہ کردی گئیں۔ سی پیک کے تحت چینی ماہرین کی نگرانی میں داسو ڈیم کی تعمیر جاری ہے۔ 14 جولائی کو منصوبے پر کام کرنے والے چینی ماہرین، مقامی مزدور اور ایف سی اہلکار داسو ڈیم کی سائٹ پر جارہے تھے کہ ان کی بس خوفناک دھماکے سے دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں بس میں سوار 9 چینی انجینئرز، دو ایف سی اہلکار اور لیبر سمیت 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی اعلی سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔ جمعہ کی صبح ہلاک 9 چینی انجینئرز کی تابوتوں میں بند ڈیڈ باڈیز کو چین بھجوانے کے لیے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔ انہیں کارگو ٹرمینل میں رکھاگیا تھا۔ ڈیڈ باڈیز کو دوپہر 2 بجے خصوصی پرواز سے روانہ کیا گیا۔