• news

معیشت بہتری کے راستے پر: شجاعت‘ پرویز الٰہی‘ مونس 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین اور حسین الٰہی سمیت راسخ الٰہی اور خاندان کے دیگر افراد نے گجرات میں نمازِ عیدالاضحی ادا کی۔ نماز عید کے دوران کرونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ چودھری برادران نے نماز کے اجتماع میں ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کرونا کی چوتھی لہر سر اٹھارہی ہے احتیاط اور ویکسین لگوانے سے ہی بچائو ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پرمسرت موقع پر کشمیری بھائیوں اور اپنے فوجی جوانوں اور شہداء کو دعائوں میں ضرور یاد رکھیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں مستحق لوگوں کو ضرور شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات معاشی طورپر بہتری کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں۔ سیاسی قوتوں کو اب عوامی مسائل کے حل کو فوکس کرنا ہو گا۔ موجودہ سیاسی حالات میں کسی تحریک کی گنجائش نہیں۔ سیاسی جماعتیں ملکی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا کہ (ق) لیگ کا منشور اور مقصد ملک کے حالات کو بہتر بنانا ہے،  عوام آج بھی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت کو فلاحی منصوبوں کے باعث یاد کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن