سینئر صحافی عارف نظامی کو میانی صاحب میں سپردخاک کر دیا گیا
لاہور (نامہ نگار) سینئر صحافی عارف نظامی عید کے روز73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز ون کی جامع مسجد اللہ اکبر میں ادا کی گئی اور انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ مرحوم عارف نظامی عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور گزشتہ دو ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ نماز جنازہ میں ڈی جی آپریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود اور دیگر نے نوائے وقت گروپ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن، (ن) لیگ کے سینیٹر مصدق ملک، خواجہ سعد رفیق، جہانگیر ترین، اوریا مقبول جان، مجیب الرحمن شامی سمیت سینئر صحافیوں اور سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہارکیا ہے۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ اور 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔ مرحوم 2013ء کی نگران حکومت میں وفاقی وزیر کے منصب پر بھی فائز رہے۔ عارف نظامی انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے چیف ایڈیٹر اور نوائے وقت اخبار کے بانی حمید نظامی مرحوم کے بیٹے تھے۔ وہ طویل عرصہ تک دی نیشن اخبار کے ایڈیٹر بھی رہے۔ صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عارف نظامی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان، شیری رحمان، آصف کرمانی سمیت سیاستدانوں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے عارف نظامی کے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی ہے۔