• news

آزادکشمیر انتخابات کل، فوج طلب، آر اوز غائب نہیں ہوں گے: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد/ مظفر آباد / شیخوپورہ (اے پی پی+ آئی این پی+نمائندہ خصوصی +  نمائندہ نوائے وقت) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے (کل) اتوار کو ووٹ ڈالیں جائیں گے۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ان انتخابات میں اصل مقابلہ حکمران مسلم لیگ (ن)،  تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان ہے۔ جبکہ مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے حلقوں کی مجموعی تعداد 53 ہے، جن حلقوں میں ووٹ ڈالیں جائیں گے ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں ہیں، 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب قانون ساز اسمبلی کے انتخابی نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔  آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 32لاکھ 20   ہزار سے زیادہ ہے۔ اے کیٹگری میں  انتہائی حساس829 پولنگ سٹیشن ہیں جبکہ بی کیٹگری کے حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد1200 سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن آزاد جموں کشمیر نے 25جولائی کے انتخابات میںپر امن ماحول  فراہم کرنے  کے لئے  فوج طلب کر لی۔آئی ایس پی آرکے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت 22 جولائی سے 26 جولائی تک فوج کے دستے کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر تعینات ہونگے۔ اے جے کے الیکشن کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے دیگر صوبوں وآزاد جموں کشمیر  پولیس سول آر مڈ فو رسز رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ریٹرننگ افسران غائب نہیں ہوں گے۔ گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ریٹرننگ افسر غائب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت آر اوز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ پولنگ سٹیشنز پر نتیجے کا اعلان کرکے تصدیق شدہ کاپیاں پولنگ ایجنٹس کو فراہم کریں اور ساتھ ہی نتیجہ واٹس ایپ پر بھیجیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ فوج، رینجرز اور ایف سی کے اہل کار بیلٹ باکس اور آر او کو اپنی حفاظت میں واپس پہنچانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ دریں اثناء ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر فرحت علی میر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کا آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرحت علی میر کا کہنا تھا تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ قرارداد پاس کی کہ پاک فوج الیکشن کے دوران آئے۔ پاک فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کا پولنگ عمل میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ 25جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلہ میںضلع شیخوپورہ میں 9 مقامات پر پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں شیخوپورہ شہر، شرق پور، فیروزوالہ، مرید کے، صفدرآباد میں پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ لاہور سیٹ کیلئے ضلع سے 5600 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور نواز لیگ نے اپنے اپنے پارٹی نامزد امیدواران کے انتخابی کیمپ بھی قائم کردئیے ہیں۔ اس سیٹ پر پیپلزپارٹی کے شبیر عباس میر، مسلم کانفرنس کے مقصود جیلانی، تحریک انصاف کے دیوان محی الدین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی مداخلت پر آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں ایل اے 41ٹو لاہورکی نشست پر آزاد امیدوار حاجی قمر اقبال ڈار مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر اکرام بٹ کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق ایم این اے، ارکان اسمبلی پیر سید اشرف رسول، غزالی سلیم بٹ، چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، صدر مرکزی انجمن تاجران امجد نذیر بٹ کے ہمراہ ضلعی صدر خواتین ونگ بینش قمر ڈار کی رہائشگاہ پر پہنچے جہاں آزاد امیدوار قمر اقبال ڈار نے غیر مشروط طور پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن