بھارت میں ایمنسٹی انٹرنیشنل پر پابندی لگا دینی چاہیے:وزیر اعلیٰ آسام
آسام (این این آئی)بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ اور ملک کی حکمران جماعت بی جے پی کے سینئر رہنماء ہمنتا بسوا سرمانے کہاہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی وجہ سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بدنامی ہو رہی ہے اس لیے بھارت میں انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم پرپابندی عائد کر دینی چاہیے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہمنتا بسوا سرما نے گوہاٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم پر بھارت میں پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ انہوںنے دعوی ٰ کیا کہ اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کے پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعہ جاسوسی کا جو معاملہ سامنے آیا ہے اس میں بھی ایمنسٹی انٹرنیشنل ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاسوسی کا یہ پورا معاملہ، نریندر مودی کو بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی عالمی سازش کا نتیجہ ہے ۔