شفاف انتخابات ہوئے تو پی پی کشمیر می ں کلین سویپ کریگی‘ یوسف گیلانی
ملتان (سپیشل رپورٹر) قائد حزب اختلاف سینٹ و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارت مظالم ڈھا رہا ہے۔ ہم عید کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور انکی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے روز دربار حضرت موسیٰ پاک شہید پر نماز عید سے قبل میڈیا سے بات چیت میں کیا سید عبدالقادر گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ کشمیر کا اگر فری فیئر الیکشن ہوا تو پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کی گمشدگی بری خبر ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں امید ہے تمام حقائق سامنے آئیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے افغان امن عمل کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان ٹوئینز بھائی ہیں۔ ہم افغانستان میں جنگ کے روادار نہیں ہیں۔ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن قائم ہو۔کابل کے حالات ٹھیک ہونگے تو اسلام آباد کے حالات ٹھیک ہونگے۔افغان امن کے لئے اگر حکومت کوشش کر رہی ھے تو ان کاوشوں میں مزید بہتری لائی جائے یوسف رضا گیلانی نے مہنگائی کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ آئے روز منی بجٹ آرہے ہیں۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ آئے روز پٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ بعد ازاں سید یوسف رضا گیلانی نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کی جامع مسجد میں احباب کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔